پبلک ایڈ جماعت اسلامی کراچی نے بحریہ انتظامیہ کو ڈیڈ لائن دیدی

26

کراچی(نمائندہ جسارت)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں متاثرین بحریہ ٹاؤن کے ساتھ اسٹیرنگ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ، اجلاس پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین اسٹیرنگ کمیٹی نجیب ایوبی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں متاثرین بحریہ ٹاؤن نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے دیے جانے والے چیک باؤنس ہورہے ہیں، اسی طرح 23-Aولاز جو بحریہ ٹاؤن نے معاہدے کے مطابق 12سے 18میں بنا کر دینے تھے اب تک کوئی کام شروع ہی نہیں ہوسکا ہے ، 9ماہ گزرگئے ہیں ،ہم نے 7سال قبل مکمل رقم ادا کی ہوئی ہے ،جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بغیر کسی لالچ کے ہمارے مسائل حل کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔چیئرمین اسٹیرنگ کمیٹی و جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی نجیب ایوبی نے کہاکہ جماعت اسلامی بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے ساتھ ہے،متاثرین کے مسائل کے حل تک ان کے شانہ بشانہ رہیں گے ،بحریہ ٹاؤن کے منتظمین ری فنڈ چیک اور اوور سیز کے حوالے سے واضح دوٹوک پالیسی کا اعلان کریں،متاثرین پریشان حال ہیں ، ان کی رقم واپس نہیں کی جارہی اور چیک باؤنس ہورہے ہیں ،انتظامیہ نے ایک ہفتے کے اندر چیک کلیئر کرنے کا کہا تھا لیکن ہم نے 6 مہینے کا وقت دیا تھا اس کے باوجود آج تک چیک کلیئر نہیں کیے گئے ،انتظامیہ بتائے کہ 61،62 اور 63کا نقشہ کیوں اب تک پیش نہیں کیا گیا ؟،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ،اگر بحریہ ٹاؤن کے منتظمین نے متاثرین کے مسائل حل نہ کیے توپبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی متاثرین بحریہ کے ہمراہ بحریہ ٹاؤن کا رخ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کراچی کے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے شہر بھر میں حقوق کراچی تحریک مہم چلائی ہے جو کہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہورہی ہے ،حقوق کراچی مہم کو شہریوں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ مشاورتی اجلاس سے نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی عمران شاہداور گلوبل اوورسیز پاکستانی (GOP)کے صدر جمال الدین نے بھی خطاب کیا۔