اہم خبریں

124

 

مہنگائی کے خلاف مینگورہ میں آج
جلسہ ہوگا، سراج الحق خطاب کرینگے
لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جاری تحریک کا تیسرا بڑا جلسہ آج سوات میں ہوگا ۔ جلسے سے امیر
جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور مقامی رہنما خطاب کریں گے ۔ قیصر شریف نے کہاکہ مینگورہ کا جلسہ ملکی تاریخ کے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے ۔

صدر مملکت کی کورونا کیسز میں کمی
آنے تک جلسے مؤخر کرنے کی اپیل
اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف اور اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے جلسوں کو اتنی دیر تک مؤخر کردیں جتنی دیر تک کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا
ہے اس میں کمی کا سلسلہ شروع نہیں ہوجاتا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی تنائو کی صورتحال میں کمی کیلیے اپوزیشن کو بھی حکومت کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، یہ جو کیفیت ہے کہ حکومت کے ساتھ نہیں عسکری قوتوں کے ساتھ بات کریں گے مناسب کیفیت نہیں اور ایسا جمہوریت میں ہونا نہیں چاہیے، اپوزیشن نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جو محاذ آرائی شروع کی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے بھی ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف ووٹنگ کی بات حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد سازی کا اقدام ہوسکتا ہے کہ جس کے اندر ہم اس بات کو یقینی بنالیں کہ 2023ء میں منصفانہ انتخابات ہوں گے۔

امریکا پاکستان سمیت 3 ممالک کے
علاقائی فنڈز جاری کریگا ، زلمے خلیل زاد
واشنگٹن ( آن لائن) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی اس خطے میں تجارت اور ترقی کے لیے افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کے نمائندوں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا اعلان کرے
گا۔ اجلاس میں امریکا بھی شرکت کرے گا اور جنوبی اور وسط ایشیائی خطے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک فنڈ کا اجرا بھی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی علاقائی سرمایہ کاری فنڈ اور امریکا، ازبکستان، پاکستان اور افغانستان کے نمائندوں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا اعلان کرنے کے منتظر ہیں۔ اس ٹوئٹ کے بعد گزشتہ روز واشنگٹن میں ازبکستان کے وزیر خارجہ عبد العزیز کمیلوف سے ان کی ملاقات کے بعد اس اجلاس میں ازبک نمائندہ خصوصی عصمت اللہ ارگشیف نے بھی شرکت کی۔ سفیر زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ ہم نے افغانستان امن مذاکرات کی موجودہ حیثیت اور تشدد میں فوری کمی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے افغان امن عمل میں مدد کے لیے خطے کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور علاقائی معاشی رابطے، تجارت اور افغانستان میں امن کے ذریعے آنے والی ترقی کی افادیت پر بھی زوردیا۔ امریکی سفارت کار نے کہا کہ افغانستان میں امن سے وسط ایشیا، افغانستان اور پاکستان کو فائدہ پہنچائے گا۔ واضح رہے کہ سفیر زلمے خلیل زاد افغانستان میں مفاہمت کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے نمائندہ خصوصی ہیں اور انہوں نے پاکستان کی حمایت سے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر بات چیت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس معاہدے پر فروری میں دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت مئی2021ء تک افغانستان سے غیر ملکی افواج کا مکمل انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان سے اپنی بیشتر فوجیں اسی فریم ورک کے تحت واپس لانا چاہتی ہے لیکن اسے پینٹاگون کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے جو غیر مشروط انخلا کا مخالف ہے۔

گلگت بلتستان: 3حلقوں
میں پولنگ آج ہوگی
گلگت (صباح نیوز)گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 3 گلگت3 اور جی بی اے21 غذر3 کے پولنگ اسٹیشن گندائے میں آج پولنگ ہوگی۔ انتخابات پی ٹی آئی کے جعفر شاہ کے انتقال کے باعث ملتوی ہوئے تھے۔

تحریک لبیک نے لاہورکوکورونا ٹائم بم
بنانے میں کسر نہیں چھوڑی، فواد چودھری
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے لاہور کو کورونا ٹائم بم بنانے میں کسر نہیں چھوڑی۔اپنے ٹوئٹ میں
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ خطرناک ہے، اب پشاور سے ملتان پیپلز پارٹی اور ن لیگ حشر بپا کریں گی۔

نواز شریف پشاور جلسے
سے خطاب نہیں کریں گے
لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پی ڈی ایم کے زیر اہتمام پشاور میں منعقدہ جلسے سے خطاب
نہیں کریںگے ۔ بتایا گیا ہے کہ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز خطاب کریں گی ۔مریم نواز کے مطابق نواز شریف کے گردوں میں زیادہ تکلیف ہے،اس لیے وہ خطاب نہیں کر سکیں گے۔