خادم حسین رضوی سپردخاک ، جنازے میں ہزاروں افراد شریک ، بیٹا جانشین مقرر

267
لاہور: علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گرائونڈ میں جمع ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مسجد رحمت العالمین سے ملحقہ مدرسہ ابوذرغفاری میں سپرد خاک کر دیا گیا‘ نماز جنازہ علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے اور تحریک لبیک پاکستان کے نو منتخب امیر حافظ سعد حسین رضوی نے پڑھائی۔ انتہائی رش کی وجہ سے میت لانے والی ایمبولینس کو نماز جناز ہ کے مقام مینار پاکستان گرائونڈ تک نہ
پہنچایا جاسکا اور اسے آزادی فلائی اوور کے اوپر ہی کھڑا کر دیا گیا اور نمازجنازہ پڑھائی گئی جس میں ملک بھر سے ہزاروںکی تعداد میں تحریک کے کارکنان اورعقیدت مندوں نے شرکت کی‘ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن و دیگر مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی‘ نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ تحریک لبیک کے رضا کار بھی فرائض سر انجام دیتے رہے۔جبکہ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوریٰ نے علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد رضوی کو نیا امیر منتخب کرلیا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن مرکزی کنٹرول روم میں بیٹھ کر سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے۔ اس موقع پر ملتان روڈ پر دکانیں بند رہیں‘ ملتان روڈ سے آزادی فلائی اوور تک راستے کے دونوںاطراف لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہی جو ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔نماز جنازہ سے قبل شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک لبیک کے نو منتخب امیر حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ہم علامہ خادم حسین رضوی کی نصیحت پر عمل کریں گے‘گستاخی رسول کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور مرحوم کا مشن جاری رکھیں گے ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد خادم حسین رضوی کی میت کو واپس مسجد رحمت اللعالمین سے ملحقہ مدرسہ ابوذر غفاری لایا گیا اور اہل خانہ، قریبی عزیز وا قارب اور جماعت کے مرکزی رہنمائوں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ مرحوم کی رسم قل آج بروز اتوار کی صبح 10بجے داتا دربار میں ادا کی جائے گی۔ انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے انتہائی جامع اور موثر انتظامات کیے گئے جس کی وجہ سے کسی بھی جگہ کوئی بد نظمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

لاہور: علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گرائونڈ میں جمع ہیں