حکومت مزید 6ماہ رہی تو لوگ بھوک سے مر جائیں گے ، ن لیگ

79

 

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کیس میں میر ے بیگ سے کپڑے نکلے تھے،امید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کرے گی، کیس میں انہیں یا شہریار آفریدی کو سزا ہوگی، پشاور جلسہ ہر صورت ہو گا،ہمیں حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں،حکومتی کورونا میں100فیصد موت اور تباہی کا خطرہ ہے، موجودہ حکومت 6 ماہ بھی رہ گئی تو لوگ بھوک سے مارے جائیں گے۔ہفتے کو لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت
کے باہر پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اے این ایف نے میری گاڑی سے جو بیگ نکالا اس میں میرے کپڑے تھے، امید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کرے گی، اس کیس میں مجھے یا پھر شہر یار آفریدی کو سزا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کورونا 6 ماہ رہ گیا تو بھوک سے مار دے گا کیونکہ حکومتی کورونا آٹا کھاگیا، چینی کھاگیا اور ہر چیز میں تباہی ہے، ملک میں کورونا سے اموات2فیصد ہیں جبکہ حکومتی کورونا سے100 فیصد،ان سب کی شکلیں دیکھ لیں یہ کورونا نظر آتے ہیں،حکومتی کورونا میں100فیصد موت اور تباہی کا خطرہ ہے،وزرا بات کرتے ہیں تو کورونا ہی لگتے ہیں، حکومتی کورونا کے خلاف عوام باہر نکلیں، حکومت کو جلسوں کی اطلاع دے رہے ہیں اجازت نہیں مانگ رہے، پی ڈی ایم حکومت سے اجازت لے کر تو تحریک نہیں چلائے گی، پشاور جلسہ ہر صورت ہو گا، ہمیں حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں، تحریک کا اگلا مرحلہ سخت ہوگا۔قبل ازیں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ کے خلاف درج منشیات کیس کی سماعت کرتے ہوئے مقدمے کی آئندہ سماعت 5 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔دوران سماعت مقدمے کے ملزم رانا ثنااللہ عدالت میں موجود تھے تاہم گزشتہ روز بھی رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی۔علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ملک وقوم کی تباہی وبربادی کو عمران خان کی مجرمانہ لاپرواہی اور غیرذمے دارانہ (Reckless)پالیسی کا نتیجہ قرار دے دیا ہے ۔ ہفتے کو ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کی ریک لیس پالیسی کا نتیجہ آٹا، چینی، ادویہ ، بجلی ،گیس چوری کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس کرپٹ پالیسی عوام کا روٹی روزگار کاروبار کھا گئی ۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس خارجہ پالیسی سے سقوط کشمیر ہوا۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس معاشی پالیسی نے ملک کی معیشت تباہ کردی ہے۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس معاشی پالیسی نے پاکستان کی ترقی کی شرح مفنی صفر کردی ۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس قرضہ پالیسی سے قوم قرض کی تاریخی دلدل میں ڈوب گئی۔عمران صاحب آپ کی ریک لیس میڈیا پالیسی نے اظہار رائے کا گلہ گھونٹ دیا ہے۔ عمران صاحب آپ کی ریک لیس پالیسی نے پشاور میں 126 ارب کے گھڈے کھود دیے ہیں ۔ عمران صاحب کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا۔ جلسہ مقررہ دن، وقت اور مقام پر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہوکر رہے گا۔ ان شااللہ ۔ عمران صاحب عوام آپ کی ریک لیس سیلیکٹڈ نالائق، آپ کے اپنے ریسٹ لیس ہونے کا وقت ہوگیا ہے۔