نواز شریف پشاور جلسے سے خطاب نہیں کریں گے

59

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں قائدین میں سیاسی صورتحال اور تحریک کے اگلے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، نوازشریف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عملدرآمدکیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے فون کرکے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی تیمارداری کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں میں ملکی سیاست، باہمی دلچسپی کے امور اور پشاور میں ہونے والے جلسے سے متعلق بات چیت کی گئی۔دونوں قائدین کے درمیان 13دسمبر کے لاہور جلسے اور تحریک کے اگلے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔نوازشریف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گے، پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلیے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ نواز شریف طبیعت ناسازی کے باعث پشاور جلسے میں خطاب نہیں کریں گے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نوازنے بھی ٹویٹر پر کہا کہ میاں صاحب پشاور جلسے میں خطاب نہیں کرسکیں گے کیوں کہ ابھی بھی وہ کافی تکلیف میں ہیں۔