بااثر زمیندار نے گھر میں گھس کر عزت پر ہاتھ ڈالا، زینب ماچھی

58

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گھارو کی رہائشی کسان خاتون زینب ماچھی نے اپنے خاوند علو ماچھی اور اپنی برادری کے ہمراہ مکلی پریس کلب کے سامنے احتجاج اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زمیندار ملک امتیاز نے گھر میں گھس کر ان کی عزت پر ہاتھ ڈالا ہے اور مزاحمت کرنے پر ان کو اغوا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کو 10 روز ہوگئے ہیں لیکن ایس ایچ او گھارو ایف آئی آر درج کرانے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکے ہیں۔ ہم نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے رابطہ کیا ہے لیکن وہاں سے بھی انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کرانے کے بعد بااثر زمیندار کے لوگوں نے ہمیں دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں، جس کی وجہ سے ہم نے نقل مکانی کی اور انصاف کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدر آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے میں درج ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف دلایا جائے۔