مومن کا سب سے بڑا سرمایہ اور مدحت رسول ﷺہے، ممتاز سہتو

67

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ذکر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کرنا ہمارے ایمان کا حصہ اور ایمان کی خوراک ہے، مومن کا سب سے بڑا سرمایہ اور اثاثہ مدحت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے، جماعت اسلامی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی برپا کردہ اس تحریک کا تسلسل ہے، جس کا مقصد پوری دنیا سے کفر و شرک اور ظالمانہ و فرسودہ نظام کا خاتمہ اور خصوصاً پاکستان جو کہ اس وقت کرپشن و لوٹ مار کا شکار ہے، کمزور آدمی کمزور ہوتا چلا جارہا ہے، ایک مخصوص مسلط ٹولہ ملک کے خزانے پر ٹوٹ پڑا ہے جس سے ملکی معیشت تباہی و بربادی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت منعقدہ سالانہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی میرپور خاص حاجی نور الٰہی مغل، محمد رفیق چوہان، قاری احسان الٰہی مغل سمیت دیگر ذمے داران، کارکنان، معززین شہر نے شرکت کی۔ ممتاز حسین سہتو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ملک پر مسلط سودی نظام ہے، جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے کنارے کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کی جانب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کی گئی گستاخی نظریاتی دہشت گردی ہے ۔ بین الاقوامی ادارے فرانس کو اس دہشت گردی سے روکے دوسری صورت میں ان کو دنیا بھر کے دو ارب انسانوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔