جیکب آباد ، سیپکو بند گھروں پر بھی بجلی کے بل بھیجنے لگی

62

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) سیپکو جیکب آباد کا بند جگہوں پر زائد بلوں سے عوام پریشان۔ جیکب آباد سیپکو کے بدعنوان اہلکاروں نے عوام کو تنگ کرنے کا نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے کئی ماہ سے بند، خستہ حال رہائشی گھروں پر زائد بل بھیجنا شروع کردیے ہیں، جس سے عوام اذیت سے دوچار ہیں۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے پروفیسر محمد طارق تنولی نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ جائز طریقے سے بجلی کے کنزیومر کو بلیک میل کرنے کا نیا طریقہ استعمال کرکے میرا خستہ حال گھر جو گزشتہ ایک سال سے بند ہے، ساتھ ہی یہ بدعنوان اہلکار جانتے ہیں کہ ٹرانسفارمر بھی خراب رہا ہے، جس پر زائد بل بھیجا گیا ہے، دراصل ان کی منشا یہ ہے کہ آپ بجلی چوری کرو اور ہمیں بھتا دو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصے سے لائن کاٹ چکے ہیں اور جب زائد بل اور لائن کی شکایت کے لیے سیپکو آفس جاتے ہیں تو کہتے ہیں پہلے بل جمع کرواؤ۔ انہوں نے سیپکو چیف اور سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کرپٹ اہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کریں، بصورتِ دیگر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔