لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں مباحثے کے دوران عالمی مبصرین اور ماہرین کی جانب سے بھارت میں ہونے والے مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش اور 20 کروڑ مسلمانوں کی نسل کشی کے خدشے کو درست تسلیم کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت بے دردی سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد نریندر مودی ہے۔ جس نے کشمیر، آسام اور گجرات میں قتل عام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل سی پیک کو نشانہ بنارہا ہے۔ اس حوالے سے چین کارد عمل دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ دہشت گردی کو ہوا دینے والے اصل ذمے داران کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ لو جہاد کی اصطلاح در اصل بھارتی جنتا پارٹی کی اقلیتوں کیخلاف نفرت اور متنازعہ قانون سازی کے لیے راہ ہموار کرنا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیر میں ہونے والے مظالم، کرفیو اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا نوٹس لے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت اپنی غیر قانونی، غیر انسانی پالیسیوں اور طرز عمل کو فوری طور پر بند کرے۔ حق خود ارادیت حاصل کرنا کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ دنیا کی کوئی بھی قوت ان کو اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرے۔ دنیا کے سامنے بھارت کا اصل اور گھنائونا چہرہ بے نقاب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ریاستی دہشت گردی، اقلیتوں پر مظالم، سی پیک کو ناکام بنانا اور پاکستان کے اندر حالات کو خراب کرنا بھارت کا اولین ایجنڈا ہے۔ اس کے تناظر میں حکومت پاکستان ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کو قائم کر نے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے قومی سطح پر متفقہ حکمت عملی طے کرے۔ غداری کے سرٹیفکیٹ باٹنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔