اساتذہ اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، ثناء اللہ جمانی

53

جھڈو (نمائندہ جسارت) پ ٹ الف تحصیل جھڈو کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری، عہدیداروں کا اساتذہ کے مسائل حل کرانے کا عزم۔ پرائمری اسکول ٹیچر (پ ٹ الف) تحصیل جھڈو کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کا انعقاد گورنمنٹ گرلز مین پرائمری اسکول میں کیا گیا، جس میں نومنتخب مردو خواتین عہدیداروں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، انتخابی کمیٹی کے چیئرمن امین آرائیں نے حلف لیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی ٹی او میل پرائمری و سیکنڈری ثنااللہ جمانی، ٹی او فیمیل آپا فوزیہ، پیپلز پارٹی تعلقہ جھڈو کے جنرل سیکرٹری محبوب لغاری اور اساتذہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوب لغاری اور نومنتخب عہدیداران، ایاز شاہ رضوی، حسن قائم خانی، کلثوم خاصخیلی، زاہدہ کولاچی نے بلا تفریق رنگ ونسل مرد وخواتین اساتذہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں تعلیمی مسائل کے حل پر صرف کریں گے۔ مہمان خصوصی تعلقہ ایجوکیشن آفیسر ثنااللہ جمانی نے اس موقع پر کہا کہ وہ تحصیل میں معیار تعلیم میں اضافہ، اساتذہ اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ اساتذہ تنظیموں کے ساتھ مل کر اساتذہ کی خدمت کی جائے گی۔ ماضی میں بھی انہوں نے تحصیل سے محکمہ ایجوکیشن میں ہر طرح کی کرپشن کو ختم کیا ہے اور آئندہ بھی وہ تعلقہ جھڈو کو کرپشن فری دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔