تجاوزات کے نام پر لوگوں کو زبردستی بے گھرکیا جارہا ہے، عبدالقیوم ہالیجوی

59

سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی ضلع سکھر کی جانب سے تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کرنے اور قدیمی مسجد کو گرائے جانے والے عمل کیخلاف احتجاجی تحریک زور پکڑ گئی ہے۔ جے یو آئی کے سیکڑوں کارکنان نے ضلعی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، جنرل سیکرٹری مولانا محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ غلام محمد کندھر، حافظ عبدالحمید مہر، مفتی شفیع محمد انڈھڑ، قاری جمیل احمد بندھانی، مولانا قاری عبدالغفار سومرو، مولانا عبدالکریم جونیجو، قاری لیاقت علی مغل، ابو اسامہ عباسی، عبدالمنان سمیجو و دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی اور سٹی بائی پاس پر دھرنا دے کر محکمہ آبپاشی اور سکھر انتظامیہ کیخلاف فلک شگاف نعرے بازی کی۔ کارکنان نے ہاتھوں میں مذمتی بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر جے یو آئی رہنماؤں و علماء کرام نے محکمہ آبپاشی اور سکھر انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے نام پر غریب لوگوں کو بے گھر کرنے سمیت کیرتھر کینال پر قائم 100 سالہ قدیمی و تاریخی محمدی مسجد ودیگر مساجد کو مسمار کیے جانے والے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کی جانب سے سکھر بیراج کالونی سمیت دیگر شہری علاقوں میں تجاوزات کے نام پر آپریشن کرکے غریب لوگوں کو زبردستی بے گھرکیا جارہا ہے۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ چند روز قبل بنا کسی نوٹس کے رات کی تاریکی میں مساجد کو مسمار کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے، ایسے عمل سے نا صرف مسجد کا تقدس پامال ہوا ہے بلکہ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان سمیت بالا حکام سے سکھر انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے تجاوزات کے نام پر غریب لوگوں کو بے گھر کرنے سمیت مساجد کو مسمار کرنے والے عمل کا نوٹس لے کر ملوث عملے کیخلاف فی الفور کارروائی سمیت جلد از جلد تاریخی و قدیمی مساجد کی تعمیرات کرانے سمیت بے گھر ہونے والے کو متبادل جگہ فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جائیں گے ہمارا پر امن احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔