طلبہ ملک و قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں، اسد علی قریشی

34

جھڈو (نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ سندھ کے ناظم اسد علی قریشی نے کہا ہے کہ طلبہ ملک و قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں، جمعیت نے ہمیشہ طلبہ کے حقوق کی بحالی اور تحفظ کے لیے بھر پور جدوجہد کی ہے ،ملک بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یکساں اسلامی تعلیمی نظام نافذ کئے بغیر دوہرے تعلیمی نظام کا خاتمہ ممکن نہیں ہے،تعلیمی بجٹ میں مختص کی گئی رقم کو سیاسی مقاصد کے بجائے مستحق و ذہین طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے تعلیمی شعبے پر خرچ کیا جائے، حکمران جماعت اور اپوزیشن سیاسی جماعتیں اپنے تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر لائحہ عمل تیار کر کے قانون سازی کریں تا کہ طلبہ و طالبات اور نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں یکساں مواقع مہیا ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جھڈو میں اسلامی جمعیت طلبہ کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر رفقاء و کارکنان کی منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ میرپورخاص ڈویژن کے ناظم حافظ منصور السلام اور اسلامی جمعیت طلبہ ضلع میرپور خاص کے ناظم افروز احسن، جھڈو جمعیت کے ذمے داران مصتعصم طاہر، عاصم شفیق، عبداللہ رزاق، عذیر احمد، محمد رضا انور و دیگر بھی موجود تھے۔ جمعیت کے صوبائی ناظم اسد علی قریشی نے میرپور خاص ڈویڑن کے دیگر شہریوں میرپور خاص، ڈگری، کنری، ٹنڈو جان محمد، نوکوٹ، عمرکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور جمعیت کے مقامی ذمے داران اور طلبہ وفود سے ملاقاتیں بھی کیں۔