بدین، پولیس کی ہاف فرائی کارروائیاں، دو زخمی، نوجوان ہلاک

63

بدین (نمائندہ جسارت) تین روز میں پولیس کی تین ہاف فرائی کی کارروائیاں، دو زخمی، ایک نوجوان ہلاک ہوگیا، نوجوان کی ہلاکت کیخلاف ورثا گولارچی میں لاش سمیت شدید احتجاج اور دھرنا، ٹریفک معطل، ہوائی فائرنگ، دکانیں اور بازار بند ہوگئے۔ گولارچی شہر سے ملحق چھٹو پیر درگاہ کے قریب گزشتہ شب مبینہ طور پر پولیس مقابلے کے دوران شبیر شاہانی نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے انڈس اسپتال بدین لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے نوجوان کہ ورثا انڈس اسپتال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بغیر اپنے ساتھ گولارچی لے گئے جہاں پر ورثا اور شاہانی برادری کے افراد نے شہر میں ہوائی فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگر کاروبار بند کردیا جبکہ احتجاجی شرکا نے مین بدین کراچی شاہراہ پر دھرنا دے کر تین گھنٹے تک ٹریفک بھی معطل رکھی۔ ورثا کے مطابق شبیر شاہانی کو شوکت شاہانی کے ہمراہ دو روز قبل گرفتار کیا تھا۔ گولارچی پولیس نے جھوٹے پولیس مقابلے میں ہمارے ایک نوجوان کو مار دیا ہے جبکہ ایک نوجوان تاحال غائب ہے، ہم کو شک ہے کہ پولیس اس کو بھی مار ڈالے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شبیر شاہانی کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین روز میں پولیس کا دوسرا پولیس مقابلہ تھا، جس میں دو افراد کو ہاف فرائی کر کے زخمی کر دیا تھا جبکہ گزشتہ شب ہونے والے پولیس مقابلے میں ایک ملزم شبیر شاہانی ہلاک ہوگیا۔