لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے سوڈانی طلبہ اور ترکی کے صحافی ذیشان نے ملاقات کی ۔ عالم اسلام کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی استعمار جنگ کے بجائے اقتصادی جنگ مسلط کرچکاہے ۔ عالمی سیاست میں تقسیم و تفریق بڑھتی جارہی ہے ۔ حق اور باطل کی بنیاد پر مؤثرو منظم صدا نہیں ہے ۔ جبر و
استبداد اور طاقت کی حکمرانی نے دنیا کو فساد اور بگاڑ سے بھر دیاہے ۔ کشمیر ، فلسطین ، شام ، یمن ، عراق ، افغانستان ، لیبیا کے عوام عالم اسلام کے انتشار کی وجہ سے غلامی اور مسائل کا شکار ہیں ۔ اتحاد امت اور عالم اسلام کی بقا ہی ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل ہے ۔لیاقت بلوچ نے علامہ خادم حسین رضوی ؒ کی نماز جنازہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ علامہ مرحوم نے ختم نبوت کے تحفظ اور رسو ل اللہ ؐ کی عظمت کے تحفظ کے لیے مجاہدانہ اور ایمان و یقین سے سرشار کردار ادا کیا۔ تمام دینی مسالک قابل احترام ہیں ۔ دین کے متوالوں کی اصل منزل نظام مصطفیٰؐ ہے ۔ دوقومی نظریے ، اسلامی تہذیب ، قومی وحدت کی حفاظت ، سود کے خاتمے ، اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے تمام دینی قوتوں کو آئینی اور قومی کردار ادا کرنا ہے ۔ علامہ خادم حسین رضوی ؒ کی وفات تمام دینی طبقوں کا مشترکہ صدمہ اور نقصان ہے ۔لیاقت بلوچ نے سردار اعجاز افضل خان آزاد کشمیر ، رائو ظفر اقبال امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ،عبدالرزاق عباسی ایبٹ آباد ، فیاض اسلم چودھری کبیر والا کی کورونا سے علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ اللہ تعالیٰ پور ی دنیا کو کورونا وبا سے نجات عطا فرمائے ۔