اصلاح معاشرہ کے لیے اقتدار ناگزیر ہے ، دردانہ صدیقی

34

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ محض دعوت و تبلیغ کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے قانون، حکومت اور اقتدار کی قوت درکار ہوتی ہے ، انفرادی اور اجتماعی زندگی کے تمام دائروں میں اللہ کی بندگی ہی اصل کامیابی اور کرنے کا کام ہے ۔بندگی رب کا مطلب انسانوں کو
انسانوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی میں دے دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیاسی سیل، صوبائی ناظمات اور نگران شعبہ جات کی جائزہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا اصل کام دنیا کی اصلاح اور امامت کا فریضہ ہے مگر افسوس کہ امت مسلمہ کی مقتدر قوتوں کی ترجیحات میں اسلام کا قیام شامل نظر نہیں آتا۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہماری حکومت نے گرے لسٹ کی آڑ میں قوم کو معاشی غلامی کے شکنجے میں جکڑ دیا ہے۔مدینے کی ریاست کے دعویداروں کا بیشتر عمل ان کے اپنے دعوؤں کی نفی کررہاہے۔جماعت اسلامی اپنی امانت،دیانت ،خدمت اور اہلیت کی بنا پر ایک متبادل قوت ہے۔ہم پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ گراس روٹ لیول پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، بیشتر حکومتوں نے بلدیاتی اداروں کو اپنے مفاد میں استعمال کیا اور ہمیشہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ٹال مٹول سے کام لیا ۔ اجلاس سے سیاسی امور کی نگران عائشہ منور، ڈائریکٹر امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،معتمدہ حلقہ خواتین تسنیم معظم نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ اپنی دعوت کے سفیر بن کر اعتماد سے پیغام عوام تک پہنچائیں تاکہ انتخابات میں با کردار اور باصلاحیت افراد کامیاب ہوں۔