جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے ٗحافظ نعیم

58
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور توفیق الدین صدیقی اجتماع کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی اور جمہوری جدوجہد کی ہے ،حکومت میں نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے کوشش کی ہے ،جماعت اسلامی نے عوامی رابطہ مہم کے ذریعے گراس روٹ لیول پر ایک مؤثر کردار ادا کیا ہے ،جماعت اسلامی ہر دور میں عوام کے درمیان موجود رہی ہے، کارکنان پُر عزم رہیں اور گھر گھر جاکر عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں ، پُر عزم لوگ ہی حالات کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، بلدیاتی انتخابات کے لیے نامزد امیدواران میدان میں نکلیں اور حقوق کراچی تحریک کو گلی کوچوں اور چوراہوں میں پھیلائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ کے تحت جامعہ حنیفیہ فاروقی مسجد ملیر سعودآباد میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے امیرجماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ توفیق الدین صدیقی ،نائب امیر ضلع الطاف پٹنی ، نائب قیم ضلع ائر پورٹ عبد الکریم بخش و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں امیر ضلع توفیق الدین صدیقی نے اپنی ذمے داری کا حلف بھی اٹھایا۔اجتماع میں جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ کے مختلف علاقہ جات میں بلدیاتی انتخابات کے لیے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کونسلرز کا اعلان بھی کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہماری دعا ہے کہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروان کے علم و عمل ،بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوںمیں اضافہ فرمائے ،انسان کے ذمے صرف جدوجہد کرنا ہی ہے لیکن جس کام کو اخلاص نیت کے ساتھ کیا جائے تو اس میں اللہ تعالیٰ کی منشا بھی شامل ہوجاتی ہے ۔امید ہے کہ نامزد امیدوار اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے اور جدوجہد کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جماعت اسلامی نے مشکل اور کٹھن وقت میں بھی دین کی دعوت پھیلانے کے کام کو نہیں چھوڑا ، آج اسی محنت کے نتیجے میں جماعت اسلامی کو عوام میںزبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے ،جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود شہریوں کے مسائل حل کرائے ہیں اور یہ ثابت کیاہے کہ جماعت اسلامی ہی ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی میں ذمے داریاں عہدے یا منصب نہیں بلکہ ہم سب اللہ کے حضور جواب دہی کا احساس رکھتے ہیں، ضلع ائر پورٹ کے نامزد امیدوار بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے ابھی سے کام کاآغاز کردیں گے ۔