این آئی سی وی ڈی کا تزئین و آرائش اور ساز وسامان کیلیے معاہدہ

58

کراچی(نمائندہ جسارت)این آئی سی وی ڈی کراچی میں پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ کی تزئین و آرائش اور ساز وسامان کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے‘ این آئی سی وی ڈی نے امریکن پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم او ر روٹری کلب آف کراچی کراؤن کے ساتھ معاہدہ کیا جس کے تحت این آئی سی وی ڈی کراچی میں پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ کی تزئین و آرائش کر کے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر عبدالستا ر شیخ، امریکن پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے شریک بانی و چیئرمین ذیشان الطاف لوہیا اور امریکن پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے شریک بانی و سیکرٹری جنرل ناصر وجاہت نے دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ میں پہلے مرحلے میں 12-12 بستروں پر مشتمل 2 کمروں کی تزئین وآرائش کی جائے گی اور ان کو اسٹیٹ آف دی آرٹ آلات سے آراستہ کیا جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم نے امریکن پاکستان بزنس ڈولپمنٹ فورم اور روٹری کلب کا شکریہ اداکیا ۔