لاک ڈائون کی ذمے دار پی ڈی ایم ہوگی ، وزیر اعظم

110

 

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز بڑھے تومجبوراً مکمل لاک ڈاؤن کرنا ہوگا جس کی ذمے دار پی ڈی ایم ہوگی۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر تشویش ناک ہے، پشاور اور ملتان میں 200 فیصد، کراچی میں 148 فیصد، لاہور میں 114 فیصد اور اسلام آباد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جا چکے ہیں میں قطعاً لاک ڈاؤن جیسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ ہماری معیشت جس میں ٹھوس بحالی کے آثار فی الحال بالکل نمایاں اور واضح ہیں اس کی زد میں آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حزب مخالف این آر او جیسے ہدف کے تعاقب میں ہے، اپوزیشن این آر او کے حصول کی مایوس کن کوششوں میں نہایت سفاکیت سے عوام کی زندگیاں اور روزگار تباہ کر رہی ہے، میں واضح کر دوں کہ اپوزیشن لاکھوں جلسے کر لے، کوئی این آر او نہیں ملے
گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ڈی ایم اپنے جلسوں کے تسلسل پر اصرار کے ذریعے عوام اور ان کی معاش کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈال رہی ہے ۔