بزم یاران ریاض کے تحت علامہ اقبال کے یوم پیدائش پرتقریب کا انعقاد

78
صحافتی خدمات پر پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے چیئرمین عابد شمعون چاند اور صدر وسیم خان کو اعزازی شیلڈ پیش کی جارہی ہے

سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں ادبی اور ثقافتی حلقوں کی معروف تنظیم بزمِ یارانِ کی جانب سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کیمونٹی کے شاعروں ، ادیبوں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزم یاران ریاض کے سرپرست اعلیٰ عقیل قریشی نے علامہ اقبال کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علاحدہ وطن کا تصور پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس عظیم شاعر اور فلسفی کی یوم پیدائش مناتے ہوئے ان کے فلسفہ زندگی ، انفرادی ذمے داری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بارے میں مزید گہرائی سے مطالعہ کرنا ضروری ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی حافظ امجد علی نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے کلام کے ذریعے امت مسلمہ سبق حاصل کرے۔ بزم یاران ریاض کے صدر پیر اسد کمال نے کہا کہ اقبال نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدف آفریدی، شوکت جمال، صابر امانی، چودھری اسلم، پیر اسد کمال، منیب احمد، سلیم کاوش اور شاہد خیالوی نے علامہ اقبال کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آخر میں صحافتی خدمات پر پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے چیئرمین عابد شمعون چاند اور صدر وسیم خان کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔