ڈگری، کورنا کیس ظاہر ہونے پرگورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول بند

65

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری میں کورنا وائرس کے کیس ظاہر ہونے کے بعد گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ڈگری ایک ہفتے کے لیے بند تدریسی عمل معطل۔ ڈگری میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ڈگری شہر میں کورونا کے چار کیس ظاہر ہوگئے جس میں گورنمنٹ گرلز ہائیر اسکول کے نان ٹیچنگ اسٹاف میں دو افراد راموں اور رمیش کمار سمیت چار طالبات اور ایک شہری میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد گرلز ہائیر اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا۔ اس سلسلے میں ایم ایس تعلقہ اسپتال ڈگری ڈاکٹر حبیب اللہ میمن، پی ایم اے ڈگری کے صدر ڈاکٹر عبدالرئوف بھرگڑی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر الیاس جٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں اور سماجی فاصلہ رکھیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔ کھانسی اور بخار کی صورت میں اپنے معالج سے فوری رابطہ کریں۔ واضح ہوکہ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کے لیے سیمپل لیے گئے تھے جن کی اب تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔