سندھ کے جزائر پرقبضے کیخلاف عوامی رابطہ تحریک کی احتجاجی ریلی

64

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)سندھ کے سمندری جزیروں پر وفاق کے مبینہ قبضوں اور نئے شہروں کی تعمیر کے خلاف عوامی رابطہ تحریک کی جانب سے مکلی سے ٹھٹھہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں نوازخان زئور، عوامی تحریک کے رہنما اشرف پلیجو، ن لیگ سندھ کے نائب صدر رمیش گپتااور محنت کش مزاحمت کے رہنما سلمان جاکھرو سمیت سول سوسائٹی کے رہنمائوں ادیب دانشوروں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی کی قیادت عوامی رابطہ تحریک کے رہنما سرورپلیجو، امجد پلیجواور تنزیلا خاصخیلی و دیگر نے کی۔ اس موقع پر قوم پرست کارکنان اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے بینر اٹھاکر جزیروں پر قبضوں کے خلاف وفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ ریلی جب مکلی سے پیدل مارچ کرکے ٹھٹھہ کے مین اسٹاپ پر پہنچی تو جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ اس موقع پر عوامی رابطہ تحریک کے رہنما سرور پلیجو، امجد پلیجو، تنزیلا خاصخیلی، نوازخان پلیجواور اشرف پلیجو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے سندھ کے سمندری جزیروں پر قبضہ کرنا ناقابل برداشت ہے، سندھ کے عوام ایسے کسی بھی آرڈیننس کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ اور لینڈ مافیا نے ایک سازش کے تحت سندھ کی ساحلی پٹی اور کوہستان کی پٹی پر قبضوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو کہ سندھ پر قبضے کے برابر ہے، لینڈ مافیا ایک سازش کے تحت مقامی باشندوں کو بے دخل کرکے سرمایہ داروں کو بسانا چاہتی ہے سندھ حکومت بھی سندھ کے عوام کے خلاف اس سازش میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری صدارتی آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لیا جائے دوسری صورت میں احتجاج کو وسیع کیا جائے گا۔