انتخابی اصلاحات کے بغیر ملک کو محب وطن قیادت نہیں مل سکتی ، جاوید قصوری

101

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے عوامی چارٹر پر عمل درآمد کروانے کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ہمارا 11 نکاتی عوامی چارٹر عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہے۔ حکومت کا اولین فریضہ ہے کہ عوام کو تعلیم، علاج اور روزگار کی فراہمی یقینی بنائے۔ یکساں انصاف کا نظام رائج ہو، مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خود مختار خارجہ پالیسی ملکی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ صوبائی حقوق و خود مختاری کا تحفظ ہونا چاہیے۔ آپس میں اختلافات، انتشار اور تلخیوں سے دشمنوں کا فائدہ ہوگا۔ ملک و قوم کی یہ بد قسمتی رہی ہے کہ کبھی کوئی انتخاب، صاف شفاف نہیں ہوا۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ آزاد الیکشن کمیشن کا قیام ہونا چاہیے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر ملک کو محب وطن قیادت اور حقیقی عوامی نمائندے میسر نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزرر ہے ہیں۔ دشمن اپنی سازشوں میں مصروف ہے۔ اس کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سول بالادستی کے لیے سلیکشن کا خاتمہ اور لاپتا افراد کو بازیاب کرنا ہوگا۔ مضبوط اور محفوظ پاکستان کے لیے نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب ہر ادارہ اپنی حدود و قیود میں رہتے ہوئے کام کرے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف کے نام پر صرف اور صرف وعدے اور تسلیاں دی جاتی ہیں، ادارے تباہ حال ہوچکے ہیں۔