جھڈو : سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافے پر کتا مار مہم کا آغاز

60

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو شہر میں خون خوار آوارہ کتوں کی بہتات اور سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر سماجی تنظیم یوتھ آف جھڈو کی جانب سے شہر میں کتا مار مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں پاگل اور آوارہ کتوں کو زہر دے کر ہلاک کیا گیا۔ کتا مار مہم کے نگران یوتھ آف جھڈو کے چیئرمین جواد احمد نے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جھڈو میں آ وارہ اور پاگل کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے اور آئے روز شہر کے مختلف علاقوں میں سگ گزیدگی کے چار سے پانچ واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ مین اسٹیشن روڈ پر بھی آ وارہ اور پاگل کتے گھومتے پھرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں جس میں کئی شہری شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ کام ٹاؤن کمیٹی انتظامیہ کا ہے لیکن انسانیت کی خدمت کا کوئی بھی پہلو ہو تو یوتھ آف جھڈو ہر میدان میں مصروف نظر آئے گی۔ اس موقع پر چیئرمین یوتھ آف جھڈو جواد احمد نے ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی و اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف علی خاصخیلی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی جھڈو نے نہ صرف ہمیں اجازت دی بلکہ افرادی قوت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مردہ کتے اٹھانے کے لیے بلدیہ جھڈو کی گاڑی بھی مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔