دھابیجی: اولڈ سٹی مکینوں کا مسئلہ حل ، واٹر سپلائی موٹر پمپ کی تنصیب

69

 

دھابیجی (نمائندہ جسارت) ایم پی اے جام اویس بجار خان جوکھیو کی کاوشوں سے اولڈ سٹی دھابیجی کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔ واٹر سپلائی کی نئی موٹر اور پمپ لگا کر شہریوں کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی، مکینوں کی جانب سے خوشی کا اظہار۔ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث یوسی دھابیجی کے علاقوں غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، شیخ مجید کالونی، یعقوب آباد، ماڈل ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی کا بحران جاری ہے۔ دو روز قبل حلقہ کے منتخب پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس بجار خان جوکھیو نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ جس پر ڈی سی ٹھٹھہ عثمان تنویر نے اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو سلیم میمن کو فوری طور پر مسئلہ حل کرنے کے احکامات دیے تھے۔ جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے گزشتہ رات دیر گئے پبلک ہیلتھ کے عملے نے یوسی بھنبھور کے سابق ڈسٹرکٹ کونسل ممبر ملک محمد عمران اعوان کی زیر نگرانی اولڈ سٹی دھابیجی کے گردونواح کے گوٹھوں کو پانی کی فراہمی کے لیے واٹر سپلائی کی نئی موٹر پمپ اور پینل لگا کر پانی کی فراہمی شروع کردی گئی۔ پانی کی فراہمی شروع ہونے پر شہریوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ملک محمد عمران اعوان نے بتایا کہ حلقہ کے ایم پی اے جام اویس بجار خان جوکھیو کی خصوصی کاوشوں سے پہلے مرحلے میں اولڈ سٹی دھابیجی کو پانی کی فراہمی کے لیے کام مکمل کرلیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں غریب آباد مارکیٹ اور بلال نگر کی واٹر سپلائی اسکیم پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے قومی شاہراہ تک 18 انچ کی نئی پائپ لائن بچھانے کے ساتھ نئی موٹریں لگائی جائیں گی۔