جھیلوں سے بااثر وڈیروں کا قبضہ ختم کرایا جائے ، ملاح سوشل فورم سہون

71

 

سہون (نمائندہ جسارت) سندھ کی جھیلوں سے بااثر وڈیروں، سرداروں کا قبضہ ختم کرایا جائے، آر بی او ڈی پروجیکٹ کو جلد مکمل کرکے منچھر جھیل کو آلودگی سے بچایا جائے، فقیر علی گل ملاح۔ ملاح سوشل فورم سندھ کی طرف سے ایشیا کی سب سے بڑی میٹھے پانی سے پہچانے جانے والی جھیل منچھر کے کنارے پر مچھیروں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب مرکزی اطلاعات سیکرٹری ملاح سوشل فورم سندھ ظہور احمد کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں مقامی مچھیروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وڈیرہ حاجی غلام مصطفی ملاح، راجا شریف ملاح اور دیگر نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد پوری زندگی دریائوں، جھیلوں کے کناروں پر گزاری ہے اور ہمارے معاش کا ذریعہ بھی انہی دریائوں اور جھیلوں پر ہوتا ہے مگر افسوس کہ ایک عرصے سے ہمیں بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ سندھ کے سمندر سے لے کر دریائے سندھ اور جھیلوں کو آلودہ بنایا جارہا ہے، جس سے آبی حیات کی بری طرح نسل کشی ہورہی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں مچھیرے بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ پانی کے قدرتی آبی وسائل پر بااثر سردار وڈیرے غیر قانونی قبضہ کرکے ہمارا معاشی استحصال کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آر بی او ڈی پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرکے منچھر جھیل کو مزید آبی تباہی سے بچایا جائے۔