عراق میں داعش کا حملہ ،6 سیکورٹی اہلکار ،3شہری ہلاک

64

بغداد (آن لائن) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع ضلع تکریت میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے حملے میں 6 سیکورٹی اہل کار اور 3شہری ہلاک ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ حملہ آوروں جنگجوئوں نے بغداد سے 200 کلومیٹردور شمال میں واقع علاقے زاویہ میں سڑک کے کنارے ایک بم نصب کیا تھا، اس سے انہوں نے پہلے ایک کار کو نشانہ بنایا اور بم دھماکے میں کار میں سوار 3 شہری ہلاک ہوگئے ۔ پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل امدادی ٹیم جب جائے وقوع پر پہنچی تو جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ شروع کردی جس سے نیم فوجی ملیشیا الحشدالشعبی کے 4جنگجو اور 2 سیکورٹی اہلکار مارے گئے۔ زاویہ کے مقامی میئر اور پولیس نے داعش کے جہادیوں پر اس حملے کا الزام عاید کیا ۔ تاہم داعش نے حملے کی ذمے داری قبول کرنے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ۔