نواز شریف کا والدہ کی تدفین میں شرکت کیلیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ

58

لندن‘ لاہور(آئی این پی+صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف خرابی صحت کی وجہ سے والدہ کی تدفین میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے والدہ کی تدفین میں شرکت کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے،نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر وزیراعظم اورآرمی چیفکی جانب سے اظہار تعزیت پر شریف خاندان شکر گزار ہے۔شریف خاندان کے ذمے دار ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکی میت کے ساتھ کون کون جائے گا؟ اس پرمشاورت جاری ہے۔خاندانی ذرائع سے بتایا گیاہے کہ بیگم شمیم اخترکی وفات قدرتی ہے اور ان میں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھیں۔قبل ازیںمریم نواز نے نواز شریف سے والدہ کی تدفین کے لیے پاکستان نہ آنے کی درخواست کی ہے۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے سر سے ماں کا دعاوں بھرا سایہ اٹھ گیا۔ دادی کے انتقال کی خبر مجھے فون سروسز معطل ہونے کی وجہ سے 2 گھنٹے تاخیر سے ملی جس کے بعد میں فوراً لاہور کے لیے روانہ ہو گئی۔میرے والد اور گھر والے بار بار رابطے کی کوشش کرتے رہے مگر رابطہ نہ ہو سکا۔ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ کسی حکومتی شخص میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔میں نے میاں صاحب کو درخواست کی ہے کہ بالکل واپس نہ آئیں ،یہ ظالم اور انتقام میں اندھے لوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں۔