الطاف جسکانی قتل کے 4 سہولت کار گرفتار ،اسلحہ برآمد

54

ٹنڈوالٰہیار(آن لائن)ایس ایس پی ٹنڈوالٰہیار نے ٹیم کے ہمراہ الطاف جسکانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے مختلف اضلاع میں چھاپے مارے، سانگھڑ ضلع سے 4 افرادکو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمدکرلیا گیا ، بہت جلد قاتل قانون کے شکنجے میں ہونگے۔ سربراہ ایس ٹی پی ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ قتل میں ریاستی اداارے ملوث نہیں تو ہماری مدد کی جائے ، ملزمان کراچی میںموجود ہیںجلد گرفتار کیاجائے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ٹی پی کے مرکزی وائس چیئرمین الطاف جسکانی کے قتل پر ایس ایس پی ٹنڈوالٰہیار رخسار احمد کھاوڑ نے الطاف جسکانی کے قاتلوں کیگرفتاری کیلیے2 ڈی ایس پیز، 3 انسپکٹرز اور 1 سب انسپکٹر پر مشتمل پولیس افسران کی ٹیم تشکیل دی،ٹیم نے ایس ایس پی رخسار احمد کھاوڑ کی سربراہی میں قاتلوں کی گرفتاری کیلیے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں، ضلع سانگھڑ تحصیل پی ایس لنڈو کی حدود میں مذکورہ ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک گھر 4 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔مکو اور کلو رند سمیت گرفتار چاروں ملزمان جرائم پیشہ ہیں اور مقدمے میں نامزد اسلم رند کے رشتے دار سمیت ہر معاملے میں اس کی مدد بھی کرتے ہیں۔ایس ایس پی رخسار احمد کھاوڑ کا کہنا تھا کہ بہت جلد اسلم رند بھی قانون کے گرفت میں ہوگا۔ علاوہ ازیں ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے مرکزی رہنماالطاف جسکانی کے سوئم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے مخالف نہیں،جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ملزمان بدین ، میرپورخاص اور اب کراچی میں ہیں ۔اگر ریاستی ادارے ملوث نہیں تو ہماری مدد کی جائے ادارے اپنے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے قاتلوں کو گرفتار کریں۔