انصار نقوی نے مظلوموں کے حقوق کی آواز کو اپنا شعار بنایا، محمد حسین

32

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد پریس کلب کی جانب سے فضائی حادثے میں شہید ہونے والے سینئر صحافی انصار نقوی کی یاد میں پریس کلب ہال میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر لالا رحمن سموںنے کہاکہ انصار نقوی نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ فرائض ایمانداری سے انجام دیے۔ انہوں نے صحافت میں سچ اور مظلوموں کے حقوق کی آواز کو اپنا شعار بنایا وہ بہت ملنسار شخص تھے، انصار نقوی ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خان نے کہا کہ انصار نقوی سے بہت گہری دوستی تھی وہ ایک اچھے دوست، اچھے صحافی تھے جن کی دل سے عزت کرتے ہیں۔ انصاف نقوی اپنے کام، کردار اور اخلاق کے حوالے سے ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ سینئر صحافی علی حسن نے کہا کہ حیدر آباد پریس کلب کو بنانے میں انصار نقوی کا بڑا اہم کردار ہے، وہ بے شمار خوبیوں کے مالک تھے اور مجھے آج بھی یقین نہیں آتا کہ انصار نقوی اب ہم میں نہیں رہے، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔