پی ٹی آئی ملک کے لیے مصیبت ثابت ہوچکی، راشد محمود سومرو

35

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) 26 نومبر لاڑکانہ میں شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں شہید اسلام کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی کے اہم رہنما خطاب کریں گے۔ اس حوالے سے جے یو آئی رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے مولانا ناصر محمود سومرو اور محبت علی کھوڑو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود پاکستان کے ساتھ ساتھ سندھ کے عوام کی بھی جاندار آواز تھے، سندھ دھرتی کا غیرت مند بیٹا شہید ڈاکٹر خالد محمود عوام کا درد محسوس کیا کرتے تھے۔ زندگی کی آخری گھڑی تک اسلام اور جمہوریت کا علم بلند کرتا رہا، انسان اپنے کردار کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔لاڑکانہ شہر شہید خالد محمود سومرو کا مرکز ثابت ہوگا۔ سندھ سمیت لاڑکانہ کے عوام کے حقوقِ کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ جمہوریت کی جدوجہد کی ہے۔ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ سلیکٹڈ حکومت اور ان کے وزراء کو ہمیشہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں کورونا یاد آرہی ہے، نیازی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی ملک کے لیے مصیبت ثابت ہوچکی ہے، ہر آدمی پریشان اور عمران خان ملک کو توڑنے کی طرف دھکیل رہا ہے۔ نیازی حکومت نے ملک کو دیمک کی طرح تباہ کیا ہے، غریب عوام دو وقتوں کی روٹی کھانے سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کسی کی جاگیر نہیں ہے، جو وہاں کے ساحلی علاقوں پر قبضہ کیا جائے۔ سندھ کو لاوارث سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں، ساحلی علاقے سندھ کی ملکیت ہیں جن پر قبضہ کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔