مخدوم امین فہیم کی پارٹی سے وفاداری ڈھکی چھپی نہیں، جمیل الزماں

33

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین مخدوم امین فہیم کی 5 ویں برسی ہالا میں منائی گئی مخدوم جمیل الزماں مخدوم محبوب الزماں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین مرحوم مخدوم امین فہیم کی 5ویں برسی ہالا میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ سروری جماعت کے روحانی پیشواء رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں صوبائی وزیر روینیو رلیف ولی عہد مخدوم محبوب الزماں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایس او پیز کے تحت برسی کی تقریب سادگی سے منائی گئی، برسی میں سندھ بھر سے سروری جماعت کے عقیدت مند مریدو نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم ایک با اخلاق، با کردار، سچا سیاستدان تھا جس نے ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی سے وفاداری نبھائی، مخدوم امین فہیم کی سچائی اور پارٹی سے وفاداری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ مخدوم امین فہیم نے برے وقت میں بھی پارٹی کا بھرپور دفاع کیا اور اقتدار کی لالچ کو بھی ٹھکرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو مخدوم امین فہیم کے نام سے اعلان کردہ میڈیکل یونیورسٹی قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔