دادو، ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کے قتل کیس کی سماعت

60

دادو (نمائندہ جسارت) میہڑ سانحہ میں ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کے قتل کیس کی سماعت دادو کی عدالت ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ میں ہوئی، جس میں مدعی فریق کے ام رباب چانڈیو، پرویز چانڈیو جبکہ کیس میں نامزد ملزمان رکن سندھ اسمبلی نواب سردار خان چانڈیو اور برہان خان چانڈیو اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عدالت نے دونوں فریق کے وکلا کے دلیل سننے کے بعد کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی، کیس کی سماعت کے بعد ام رباب چانڈیو نے عدالت کے باہر چانڈیہ سرداروں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ جاگیردار چانڈیہ سردار کیس میں نامزد ہیں تو پیش ہوں۔ مگر یہ سیکڑوں افراد عدالت میں لاکر مجھے ہراساں کررہے ہیں۔ یہ عدالت میں سیکڑوں افراد لاکر ایسے بیٹھتے ہیں جیسے عدالت سرداروں کی اوطاق یا ان کا ڈیرہ ہو۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ لوگ مجھے ہراساں کررہے ہیں۔ سیکورٹی خدشات دادو پولیس کو نوٹ کروائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ عدالتوں کی توہین کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ ادھر رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیو نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے، اس لیے ہر سماعت پر پیش ہوتے ہیں، مدعی فریق کو رینجرز اور پولیس کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔