تلہار:گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف شٹر بند ہڑتال

51

تلہار (نمائندہ جسارت) تلہار میں سوئی گیس کی غیر قانونی لوڈشیڈنگ اور مصنوعی کم پریشر کیخلاف شہری ایکشن کمیٹی کی اپیل پر شہر میں شٹر بند ہڑتال اور تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند۔ گزشتہ ایک ماہ سے تلہار میں سوئی گیس کمپنی کی جانب سے گھنٹوں تک غیر قانونی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور صبح سویرے جب بچے اسکول جانے کی تیاری کرتے ہیں اور شہری اپنے دفاتر اور کاروبار پر جانے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں تو اس ٹائم پرگیس بند ہوتی ہے اگر ہوتی بھی ہے تو اتنا کم پریشر ہوتا ہے کہ بچوں کے لیے ناشتہ تو دور کی بات چائے بھی نہیں پک سکتی اور بچے بغیر ناشتے کے اسکول جاتے ہیں جبکہ دوپہر اور رات کا کھانا پکانے کے ٹائم پر بھی گیس کا پریشر کم کردیا جاتا ہے، جس کے باعث خواتین اب لکڑیوں اور کوئلے کا ستعمال کرنے پر مجبور ہیں اور صاحب حیثیت افراد کھانا ہوٹل سے منگواتے ہیں۔ سوئی گیس انتظامیہ کی ایسی روش کے سبب شہری بہت بڑی اذیت کا سامنا کرتے چلے آرہے ہیں۔ تلہار کے پیپلز پارٹی کے بانی کارکنوں میں شامل اس وقت مرزا گروپ کے جیالے کامریڈ ماما نواز جتوئی نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو شہری ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم پر جمع کرکے گزشتہ پانچ روز سے تلہار پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کردی اور اتوار کو چھٹے دن ہڑتال کی کال پر تاجر برادری اور شہریوں نے شہری ایکشن کمیٹی کا ساتھ دے کر سوئی گیس کمپنی انتظامیہ کیخلاف شہر میں شٹر بند ہڑتال کرکے تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند رکھے۔