ٹنڈو محمد خان، انتظامیہ اور تاجروں کی جانب سے ایک روزہ بچت بازار

32

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ اور تاجران فیڈریشن کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر ایک روزہ بچت بازار لگایا گیا، کمشنر حیدر آباد کی ہدایت پر شاہی بازار اور سبزی منڈی کی تمام دکانوں پر اشیاء خورونوش 10 سے 15 فیصد کمی کی گئی، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر انور میمن اور مہتاب شاہ نے بچت بازار کا دورہ کیا۔ کمشنر حیدر آباد کی ہدایت پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر اور عوام کو سستی اشیاء فراہم کیے جانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور تاجران فیڈریشن کی جانب سے شاہی بازار، چاندنی چوک، اناج منڈی، سبزی منڈی کی تمام دکانوں پر عوام کو سستی اشیاء فراہم کیے جانے کے لیے ایک روزہ بچت بازار کا اہتمام کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سستے داموں اشیاء خورونوش کی خریداری کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے دور میں عوام کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے کمشنر حیدر آباد کی ہدایت پر ایک روزہ بچت بازار لگایا گیا ہے جس میں تاجروں نے انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کیا ہے، جس پر ہم تاجر برادری کے شکر گزار ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کو سستی اشیاء فراہم کیے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انور میمن، مختارکار زوہیب میمن، فوڈ انسپکٹر مہتاب شاہ، تاجران فیڈریشن کے رہنماء شبیر میمن، سلیم گدی پٹھان ودیگر نے بھی بچت بازار کا دورہ کیا۔