کورونا کی روک تھام کیلیے حکومت و اپوزیشن سنجیدہ نہیں، کاشف شیخ

26

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہکورونا وبا کو روکنے کیلیے حکومت اور اپوزیشن سنجیدہ ہوجائیں،ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے عوام کو کورونا اور مہنگائی کے عذاب سے بچانے کی تدبیر کریں۔کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکومت مخالف محاذ پی ڈی ایم ملتان ، لاہور و دیگر مقامات پر جلسے کرنے پر بضد ہے،
حکومت اپوزیشن کی تحریک سے خوفزدہ ہو کر جمہوریت کش اقدامات اٹھا رہی ہے، اپوزیشن دباؤ ڈال کر حکومت سے ایسے کام کرونا چاہتے ہیں جو اس کی کمزوری کو ظاہر کریں یہ تناؤ کسی بڑے سانحے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ حکومت میڈیا کے ذریعے کورونا وباکو شور مچاکر اپوزیشن کے جلسے ملتوی کرنا چاہتی ہے اور اپوزیشن دباؤ قبول کرنے پر تیار نہیں، حکومت کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جو سیاسی کشیدگی کو پْر تشدد احتجاج میں بدل دے اور اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا اتنا نہ پھیل جائے کہ کنٹرول ہی میں نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو رونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے پہل کرے، عوام کو مہنگائی،بیروزگاری اور کورونا کے عذاب سے نجات دلانے کیلیے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں۔