معصوم افغان شہریوں کا قتل تکلیف دہ ہے، آسٹریلوی وزیراعظم

59

کینبرا (آن لائن) آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں آسٹریلیا کی اسپیشل فورسز کے ہاتھوں 39 غیر مسلح معصوم قیدیوں اور عام شہریوں کی مبینہ ہلاکتوں سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پریشان کن اور تکلیف دہ ہے، رپورٹ میں فورسز کے موجودہ اور سابقہ 19 اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کی تجویز دی گئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا
کہ جہاں تک رپورٹ پر آسٹریلیا کے اندرونی معاملات کی بات ہے تو وہ اس سے نمٹ لیں گے اور اسے ملکی قانون، نظام اور انصاف کے طریقہ کار کے تحت دیکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کی اسپیشل فورسز سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جمعرات کو سامنے آئی تھی۔ اس رپورٹ میں اسپیشل فورسز کے اہلکاروں کے افغانستان میں 2005ء سے 2016ء کے درمیان ضابطہ کار کی خلاف ورزی سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔ اسپیشل فورسز سے متعلق رپورٹ میں شامل ہے کہ سینئر کمانڈوز نے جونیئر اہلکاروں پر دباؤ ڈالا کہ وہ غیر مسلح افراد کو قتل کریں۔