شام میں پھر ایرانی ملیشیائوں پر نامعلوم طیاروں کے حملے،6 ہلاک

57

دمشق (آن لائن) شام کے شہر البوکمال کے نواحی دیہی علاقے میں نامعلوم طیاروں کی فضائی بم باری کے نتیجے میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ اس دوران البوکمال کے مغرب میں ایرانی ملیشیائوں کے ٹھکانوں پر 10 سے زیادہ حملے کیے گئے۔ جن میں البوکمال کے اطراف ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیائوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں مذکورہ ملیشیائوں کے 6 ارکان ہلاک ہوئے اور ملیشیا کی عسکری گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ حملہ
اسرائیلی فضائیہ کا تھا یا پھر زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کا تھا جو دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر تعینات بین الاقوامی اتحادی افواج کے اڈوں سے داغے گئے۔ ادھرنامعلوم طیاروں کی جانب سے الرقہ صوبے کے جنوب مشرق میں واقع دیہی علاقے معدان عتیق میں بھی حملے کیے گئے۔ یہاں ایران کی ہمنوا شامی اور غیر شامی ملیشیاکے علاوہ داعش تنظیم بھی سرگرم ہے۔ گزشتہ مہینوں کے دوران بھی نامعلوم طیاروں کی جانب سے جن کے بارے میں خیال ہے کہ یہ اسرائیلی تھے شام کے مختلف علاقوں میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔