کراچی میں ٹریفک حادثات میں ریکارڈ اضافہ ،تین برس میں ایک ہزار اموات

65

کراچی (نمائندہ جسارت) ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میںکراچی میں ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 3 سال میں ایک ہزار سے زاید اموات اور 10 ہزار کے لگ بھگ افراد زخمی ہوئے۔سندھ پولیس ایکسیڈنٹ انالیسزاینڈ ریسرچ سینٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹریفک حادثات اور ان میں ہلاکتوں کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے، محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ 3 سال میں ایک ہزار سے زاiد اموات اور 10 ہزار کے لگ بھگ افراد زخمی ہوئے۔ جاری شدہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 2018 ء میں 400 سے زاید اموات ہوئیں، 2019 ء میں 350 سے زاید جبکہ رواں برس اب تک 280 افراد حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔تاہم ان اعداد و شمار میں ان حادثات میں زخمیوں کی تعداد سے متعلق کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے، جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی اصل تعداد اور مکمل صحت یاب ہونے والوں کی تعداد کتنی ہے۔اس کے علاوہ ان حادثات میں کتنے افراد دوران علاج چل بسے، یا پھر لمبے عرصے کے لیے کومے میں چلے گئے یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہوگئے۔ اس سے متعلق بھی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔حکام کے مطابق ایسے واقعات میں گزشتہ چند برس میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 8 سے 10 ہزار کے قریب ہے۔سندھ پولیس انالیسز سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے اس بارے میں جو اعداد و شمار موجود بھی ہیں وہ بھی انتہائی پریشان کن ہیں۔ سینٹر نے محکمہ صحت سندھ کو ایسے افراد کا ڈیٹا فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ اصل صورتِ حال کا اندازہ لگایا جا سکے تاہم ان یہ ڈیٹا نہیں مل سکا۔ کراچی میں کْل ٹریفک کا 60 سے 70 فی صد موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ہے جن میں سے بہت کم لوگ ہی ہیلمٹ استعمال کرتے ہیں، واضح رہے کہ دنیا بھر میں نومبر کا تیسرا ہفتہ گزشتہ 25 برس سے روڈ ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔