کوروناوائرس کراچی کےاسپتالوں میں جگہ کم پڑنےلگی

224

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث اوجھا،انڈس سمیت دیگر اسپتالوں نے مریضوں کو لینے سے معذرت کرلی ہے۔

انڈس اسپتال کو کورونا مریضوں کیلئے وزیراعلیٰ سندھ 10 کروڑ کی امداد بھی دے چکے ہیں جس کے باوجود اسپتالوں ميں جگہ نہ ملنے پر مريض اور لواحقين در در کی ٹھوکريں کھانے پر مجبور ہیں۔

کراچی کے اوجھا اور انڈس اسپتال سمیت ایک بڑے نجی اسپتال نے کورونا وارڈز بند کردیئے ہیں۔

انڈس اسپتال کے ترجمان فواد بن راشد نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ صحت سندھ کے اسپریڈ شیٹ میں نمبر اپ ڈیٹ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکثر اعداد و شمار فراہم کرتے رہتے ہیں۔ابھی ہمارے پاس کورونا وائرس وارڈ میں 12 بیڈ اور کورونا وائرس ایمرجنسی وارڈ میں 10 بیڈ ہیں۔ کورونا وارڈ بیڈ میں سات وینٹیلیٹر ہیں۔اس وقت 12 بستروں اور 10 بیڈوں پر مریض ہیں۔

اس سے قبل انڈس اسپتال نے تمام آپریشن معطل کرکے اور صرف کورونا کیسز پر توجہ مرکوز کرکے اپنی صلاحیت میں عارضی طور پر اضافہ کیا تھا۔فواد بن راشد نے مزید بتایا کہ ان تمام وسائل کو واپس کرنا تھا،ہم روزانہ کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ملک میں پہلی بار وائرس پھیلنے پر حکومت سندھ نے اسپتال کو کورونا مریضوں کے علاج کیلئے 100 ملین روپے دیئے تھے۔

ڈاؤ اوجھا کیمپس سے بھی مریضوں کو واپس بھیجا جارہا ہے،ڈاؤ کے ایک عہدیدار نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے پاس جگہ کم ہے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کے بیٹے نے کہا کہ والدہ کی طبيعت خراب ہوئی انڈس لے کر گيا تھا،مگر اسپتال انتظامیہ نے بیڈ نہیں دیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 1322 کیسز جبکہ 16اموات رپورٹ ہوئیں۔جس کے بعد سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار 651 ہوگئی ہے۔