کراچی میں پہلی بار پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ ہوگی

157

لاہوراوراسلام آباد کے بعد کراچی پہلی بار پاکستان سپر لیگ ڈرافٹنگ کی میزبانی کرے گا. پی ایس ایل 6 کی ڈرافٹنگ پہلی بار کراچی میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے.

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ چھٹے ایڈیشن 2021 کی ڈرافٹنگ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے مقام پر مشاورت جاری ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل 6 کی ڈرافٹنگ آؤٹ ڈور کرانے کی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے.

ذرائع کے مطابق لاہوراور اسلام آباد میں ڈرافٹنگ ہوچکی ہے اس لیے اب کراچی ڈرافٹنگ وینیو ہوگا اور پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگی.

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو  5 وکٹ سے ہرا کر پہلی بار ٹورنامنٹ جیت لیا، کراچی کنگز نے 135 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث 8 ماہ تک تعطل کا شکار رہنے والے پاکستان سپرلیگ 5 ویں ایڈیشن کے بقیہ 4 میچز کا آغاز 14 نومبر کو کوالیفائر سے ہوا تھا، پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کا فائنل میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہواتھا، پی ایس ایل کے 5 ویں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی تھیں.

کورونا وائرس کے باعث ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے پی ایس ایل کے پلے آف میچز اور فائنل خالی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا اور شائقین کی اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی.