حکومت نے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن سے عافیہ صدیقی کی رہائی کی امیدیں لگا لیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان سے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے ملاقات کی جس میں مشیر پارلیمانی امور نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے اٹھانے جانے والے اقدامات اور کوششوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں بابراعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی اور واپسی کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں، حکومت نے ایوان بالا میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے جائزہ رکھا ہے انسانی ہمدردی اور خاتون ہونے کے ناطے یہ جائزہ رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو امریکی قید میں 17 سال ہوگئے ان کی رہائی کی اور واپسی کو ممکن بنائیں گے امید ہے نومنتخب صدر جوبائیڈین عافیہ صدیقی کی رہائی اور واپسی کو ممکن بنائیں گے۔
فوزیہ صدقی نے بہن کی وطن واپسی کے لیے حکومت کی کوششوں اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید کی ہے کہ حکومت سنجیدگی سے اس معاملے کو آگے بڑھائے گی۔
ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے کوشاں ہیں اور وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے ہی مختلف ممالک میں قید 5 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔