بیگم شمیم اختر کی میت 2‘3 روزمیںپاکستان پہنچے گی‘ (ن) لیگ

45

لاہور‘اسلام آباد(نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر جو 2روز قبل لندن میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں تھیں کو جاتی امرا قبرستان میں ان کے شوہر میاں شریف اور بہو بیگم کلثوم نواز کی قبروں کے قریب سپرد خاک کیا جائے گا ۔بیگم شمیم اختر کی ایک نماز جنازہ لندن میں اور دوسری نماز جنازہ ان کی میت لاہور پہنچنے کے بعد شریف
میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔امکان ہے کہ مولانا طارق جمیل مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ علاوہ ازیں جاتی امراء میں مریم نواز سے اظہار تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ پیر کو بھی رہا،ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں بھی تعزیت کرنے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ، مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ادھرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے ماڈل ٹائون میںمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے سوگ میں3 روز کے لیے تمام سیاسی سر گرمیاںمعطل کر دی گئی ہیں ،2سے 3 روز میں میت لندن سے پاکستان پہنچے گی جب کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر سے منع کیا ہے ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کا تقاضا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری پیرول پر رہا کیا جائے۔ قبل ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے جس نے ملکی دفاع مضبوط بنایا ہوتا ہے اسے جلاوطن کردیا جاتا ہے،نوازشریف اپنے والد کے سفر آخرت میں بھی میت کو کندھا نہیں دے سکے تھے ،آج نوازشریف اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کے سفر آخرت اور تدفین میں کیوں نہیں ہوں گے، اس کا جواب ریاست اور ریاست کو چلانے والوں کو دینا ہوگا۔