بچوں سے زیادتی کے واقعات حکومتی نااہلی ہے،مصطفی کمال

21

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں معصوم بچے و بچیوں کے ساتھ زیادتیوں اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں بے تحاشا اضافے پر شدید تشویش و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھیانک و قبیح واقعات کو ناصرف حکومتی نااہلی اور بے حسی کا شاخسانہ قرار دیا بلکہ بڑھتے واقعات کا سبب براہِ راست بلدیاتی نظام کی غیر موجودگی کو قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویسٹ سے سیکڑوں خواتین کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ درندہ صفت مجرمان کھلے عام معصوم بچے اور بچیوں کیساتھ زیادتی کرکے انہیں قتل کررہے ہیں اور پھر ثبوت ضائع ہونے پر بری ہورہے ہیں، اس ظلم کی ذمے دار ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھڑا دھڑ موبائل ایپس اور اسمبلیوں میں قوانین بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا جب تک اس طرح کے مکروہ افعال کی روک تھام، مجرمان کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے نظام بنا کر نافذ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی صرف مسائل ہی نہیں بلکہ مسائل کے وہ قابل عمل حل تجویز کرتی ہے جو مسائل کو جڑ سے ختم کرنے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ بلدیاتی حکومت کے زیرِ انتظام کمیونٹی پولیسنگ کا نظام اور محلہ کمیٹیوں کا نظام رائج کرکے بچوں کیساتھ زیادتی و قتل جیسے سنگین، مکروہ و قبیح جرائم کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔ حکمران جتنی دیر سے ہماری بات مانیں گے اتنا ہی زیادہ نقصان ملک و قوم کو اٹھانا پڑے گا۔مصطفی کمال نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اقتدار کی رسہ کشی چھوڑیں اور ان بے بس و لاچار والدین کی طرف متوجہ ہوں جن کی معصوم اولادوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا جارہا ہے اور جو صبح شام حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔