الخدمت کے تحت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ

131

کراچی (اسٹاف رپورٹر)موسم سرما کے آغاز پر الخدمت کراچی کے’’ آرفن کیئر پروگرام‘‘ میں رجسٹرڈ تمام بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز کردیا گیا۔ پہلے مرحلے میںضلع جنوبی میں لیاری علاقے بہارکالونی میں 200باہمت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی ۔ہیلتھ اسکریننگ الخدمت میڈیکل سینٹر میں ماہر ڈاکٹروں اور ان کی ٹیم کی زیرنگرانی کی گئی ۔ماہرڈاکٹروں نے بچوںکے عام امراض کے ساتھ ناک کان ،گلا ،دانتوں اور آنکھوں کا معائنہ کیا ،جن بچوں میں امراض پائے گئے ان کا علاج الخدمت کرے گی۔ڈاکٹرز نے کورونا کی موجود ہ صورتحال میں زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اس موقع پر بچوں کی مائیں اور سرپرست موجود تھے ۔دریں اثنا رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے اسکریننگ کیمپ کا دورہ کیا اور بچوں سے خیریت دریافت کی ۔سید عبد الرشید نے کہا کہ با ہمت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کاعمل خوش آئند ہے ۔ الخدمت کو بچوں کی کفالت کے ساتھ ان بچوں کی صحت اور زندگیوں کی فکر ہے۔ یتیموں کی کفالت نیکی کا بہت بڑا عمل ہے ،جس کی بنی مہربان ؐ نے بھی تاکید فرمائی ہے ،انہوں نے کہا کہ یتیم بچے ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ۔