پروفیسر عطا الرحمن کڈنی فاؤنڈیشن بورڈ کے چیئرمین منتخب

23

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کڈنی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کو3 سال کی مدت کے لیے بورڈ کا چیئر مین منتخب کرلیا ہے۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق کڈنی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی ایک میٹنگ میں پروفیسر ایس اے جعفر نقوی نے پروفیسر عطا الرحمن کو چیئر مین بنانے کی تجویز پیش کی جسے بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پرمنظور کرلیا۔ واضح رہے کہ آج کل پروفیسر عطا الرحمن وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئر مین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کوچیئر مین کے عہدوں پر فائز ہیں۔ پروفیسر عطا الرحمن کی نامیاتی کیمیاکے موضوع پر 1232سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، امریکا، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 346کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں771 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 45 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی82 طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔