یتیم کی کفالت کے لیے نبیؐ کی بشارت کافی ہے،غلام عباس ڈیتھو

32

کراچی(پ ر)خدمت خلق عین عبادت ہے۔ اسلام ہمیں غریبوں، یتیموں ، محتاجوں، معذوروں اور مظلوموں کی مدد کی تعلیم دیتا ہے۔ مظلوموں کی مدد کے لیے اٹھنے والے ہر قدم پر عبادت کا ثواب ملتا ہے ۔یتیموں کی کفالت کرنے والوں کے لیے حضور ﷺ کی بشارت کافی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی غلام عباس ڈیتھو، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سندھ نے انجمن حیات الاسلام کے زیر انتظام نئے قائم ہونے والے حیات الاسلام سوئٹ ہوم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غلام عباس ڈیتھو نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ لوگوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے اپنے اختیارات اور وسائل معاشرے کے کمزور طبقات کی دادرسی کے لیے بروئے کار لائیں۔ قابلِ تحسین ہیں وہ افراد جو رب کی رضا کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ معیاری سہولتوں سے آراستہ ایسے اداروں کا قیام اور وجود وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایسٹ رعنا صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجمن حیات الاسلام کی کارکردگی ملک کے دیگر سماجی اداروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ تقریب کے آخر میں سوئٹ ہوم کے بچوں میں گفٹ تقسیم کیے گئے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کرائی گئی ۔