جنگلات کی72ہزا ر 738 ایکڑ زمین واگزار کرائیں گے‘ ناصر حسین

50

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر جنگلات ، بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ جنگلات سندھ کی 2لا کھ 47ہزا ر ایک سو تین ایکڑ زمین جس پر مختلف لوگوں کا قبضہ تھا واگزار کرائیں گے جبکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایک لاکھ 74 ہزار 365 ایکڑ زمین قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہے جبکہ باقی 72 ہزار سات سو اڑتیس ایکڑ زمین کو بھی معزز سپریم کورٹ کے احکامات
کی روشنی میں فوری طور پر خالی کروا کر سپریم کورٹ کی ہدایت پر من وعن عملدرآمد کرایا جائے اور اس سلسلے میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مدد لی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قابضین سے زمینوں کو خالی کر اتے وقت شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کو بھی پورا کیا جائے ۔وزیر جنگلات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو معیار کے ساتھ وقت مقررہ پر مکمل کیا جا ئے دیے گئے ٹارگٹ کو ہر صورت میں پورا کیا جائے۔وزیر جنگلات کے اربن فارسٹری کے حوالے سے جاری اسکیموں کی رفتار کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سیکریٹری محکمہ جنگلات ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو، ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل عبدالجبار قاضی اور چیف کنزرویٹر فاریسٹ اعجاز نظامانی کے علاوہ تمام اعلی افسران بھی موجود تھے۔