حکومت لوئر دیر اقتصادی منصوبے پر بھی جلدکام شروع کرے‘قیصر خان

67

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) نائب صدر فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری قیصر خان دائودزئی نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ لوئر دیر اقتصادی زون منصوبے پر بھی جلدکام شروع کرے،سی پیک منصوبے سے لوئردیر کے صنعت کاروں کے لیے فائدہ مند ہونے کے ساتھ دیر اور دیگر علاقوں میں بے روزگاری میں کمی آئے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لوئر دیر کے ممتاز صنعت کارحاجی عابد الرحمن، حاجی نعیم الرحمن اور مشتاق الرحمن ، ریاض خٹک،
سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی اور دیگر سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ قیصر خان نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ معیشت کا گراف انتہائی تیز رفتاری سے اوپر لے جائے گا۔ منصوبے سے جنوبی ایشیائی ممالک نہ صرف باہم مربوط ہو جائیں گے بلکہ مل کر ترقی کریں گے اور اس منصوبے کے مخالف تنہارہ جائیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ چین نے ایران سے معاہدہ کرکے بھارت کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کا خواب خا ک میں ملا دیا ہے جبکہ لداخ میں اسے ذلت آمیز شکست بھی دی ہے۔