سندھ بھر کے تعلیمی اداروں کو قادیانیوں کی کتابیں ارسال

66

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے کتابوں کے قومی ادارے نیشنل بک فاؤنڈیشن کراچی دفتر کی جانب سے غیر مسلم اقلیت قادیانی لابی کی کتابیں سرکاری خرچ پر سندھ بھر کے کالجز میں بھیجنے کی اطلاعات پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی تحقیقات اورملوث ذمے داران کے
خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے شعبہ تعلیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ہرمسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے۔حکمران ٹولہ غیر مسلم اقلیت قادیانی لابی کی اس طرح سرپرستی کرکے مسلمانوں کی ایمانی غیرت و جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش نہ کرے۔سندھ حکومت کی وزارت تعلیم اس کی وضاحت اورباب الاسلام سندھ کے عوام کو اعتماد میں لے،اگرحکومت سندھ میں موجود قادیانی نوازٹولہ اپنی دوغلی پالیسیوں سے بازنہ آیا تواس کے خلاف شدید ردعمل آسکتا ہے جس کی پوری ذمے داری حکومت سندھ کے ان اداروں اور افسران اور وزرا پر ہوگی جن کی سر پرستی میں اسلام اور پاکستان کے خلاف یہ حرکتیں مسلسل کی جا رہی ہیں۔ابھی حال ہی میں سندھ کے تعلیمی اداروں میں لادینیت کو پھیلانے والی کتابیں بھیجی گئی ہیں ان سب کتب کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔یہ کتابیں جس شخص نے لکھی تھیں اس نے مرنے سے پہلے کتاب کے آخری ایڈیشن پر لکھوا دیا تھا کہ میں اپنی تمام کتب کے مندرجات سے توبہ کر چکا ہوں اللہ تعالیٰ نے مجھے اب ہدایت بخش دی ہے۔ان کتب کو چھاپنے ، بھیجنے اور بیچنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔اسی طرح سندھ حکومت نے انگریزی کی نویں جماعت کی نئی کتاب سے ختم نبوت کے حصے کو حذف کرکے پھر قادیانی فرقے کو خوش کرنے اور تمام مسلمانوں کی شدید دل آزاری کی ہے۔حکومت سندھ نے ان غیر اسلامی وغیر قانونی حرکتوں کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا تو جماعت اسلامی باب الاسلام سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر شدید ردعمل کا اظہار کرے گی۔