ملک پروڈیوسنگ گروپس کا منصوبہ سندھ حکومت کا کامیاب پروگرام ہے

58

سکھر( نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز انجینئر عبدالباری خان پتافی نے کہا ہے کہ صوبے میں سندھ حکومت کی جانب سے دودھ کی صنعت کو مزید وسعت اور فروغ دینے کے لیے ملک پرڈیوسنگ گروپس بنائے جارہے ہیں جس سے مویشی پالنے والوں کو فائدہ میسر ہوگا اور ان کے دروازوں سے دودھ مناسب قیمت پر خریدا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی کے قریب گوٹھ علی نواز ساوند، سکھر سوسائٹی اور گمبٹ کے گوٹھ لاکھا وڈا میں ملک پروڈیوسنگ گروپس کی نگرانی میں چلنے والے چلرزاور ملک شاپس کے افتتاح اور بھنیسوں کے باڑوں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فیض بلوچ، ڈپٹی پی ڈی ڈاکٹر الہٰی بخش جوگی ، جاوید میمن ،ڈاکٹر عبداللہ سیٹھار، ڈاکٹر فرید میمن سمیت لائیو اسٹاک اور فشریز کے افسران موجود تھے ۔ صوبائی وزیر انجینئر عبدالباری خان پتافی نے کہا کہ ملک پروڈیوسنگ گروپس کے توسط سے دودھ سے تیار ہونے والی مختلف اشیا بشمول دہی، مکھن، لسی اور ماوا جیسی منصوعات کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پروجیکٹ کو برقراراور پائیدار رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے متعلقہ این جی اوز کا بھی تعاون حاصل کیا گیا ہے ۔ اس پروجیکٹ کے توسط سے مویشی پالنے والے افراد کو ان کے دروازوں پر جانوروں کے علاج معالجے، خوراک، استعمال ہونے والا سازوسامان سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پروڈیوسنگ گروپس کا منصوبہ سندھ حکومت کا کامیاب پروگرام ہے جس سے مویشی پالنے والے افراداپنے دروازوں پر ہی مناسب منافع کماسکیں گے ۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک نے مزید کہا کہ سندھ صوبے میں غیر معیاری دودھ کے فروخت کے خلاف شکایات میں اضافی دیکھنے میں آیا ہے جس کے خلاف لوکل گورنمنٹ ، محکمہ خوارک اور محکمہ کے افسران آپریشن کررہے ہیں ، کسی بھی صورت میں انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 فیصد کھلا دودھ کا استعمال کیا جاتا ہے جس کیخلاف بلاوجہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کھلا دودھ صحت بخش ہے جبکہ پیکٹ دودھ میں کیمیکل کا استعمال مضر صحت ہے اس کے باوجود کھلے دودھ کی صنعت میں انتظامات اور چھونے والے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے سندھ حکومت مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے لیے لائیو اسٹاک محکمہ کی جانب سے صوبے بھر میں ملک پروڈیوسنگ گروپس تشکیل دیے جارہے ہیں تاکہ دودھ کی صنعت کو فروغ مل سکے اور مویشی پالنے والے خوشحال اور محفوظ کاروبار کرسکیں ۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز کوبریفنگ میں بتایا کہ سکھر ضلع میں 10 ملک پرڈیوسنگ گروپ بنائے جارہے ہیں جس میں سے 6 مکمل ہوچکے ہیں اس کے علاوہ لاڑکانہ، گمبٹ، پکا چانگ، عمر کوٹ اور میرپور خاص سمیت دیگر شہروں میں مجموعی طورپر 26 آئوٹ لیٹ بنائے جائیں گے اس سلسلے میں ملک پرڈیوسنگ گروپس کی تمام تر فنڈنگ سندھ حکومت کررہی ہے۔